منگل 29 ستمبر 2026 - 13:10
عوام کے بنیادی حقوق کے حصول و تحفظ کیلئے مسلسل کوشاں ہیں

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: عوام کے بنیادی حقوق کے حصول اور تحفظ کے لیے روزِ اول سے مسلسل جدوجہد جاری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول اور تحفظ کے لیے روزِ اول سے مسلسل جدوجہد جاری ہے، جن حقوق کی ضمانت قیامِ پاکستان کے وقت ریاست کی جانب سے دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا: 30 ستمبر 1988ء کو ڈیرہ اسماعیل خان میں عاشورہ کے موقع پر عزاداروں نے اپنے بنیادی حقوق کے دفاع و تحفظ کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان شہداء کی لہو رنگ قربانی نے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کو مزید تیز تر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: ملک میں مختلف حوالوں سے اساسی کردار ادا کرنے، اتحاد و وحدت کے فروغ اور مختلف فورمز کی تشکیل کے حوالے سے ہماری جدوجہد اور کاوشوں سے انکار ممکن نہیں۔ مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود عوام کے بنیادی حقوق کے حصول اور تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد بدستور جاری ہے۔

انہوں نے کہا: بنیادی حقوق کے دفاع و تحفظ کی راہ میں جن شہداء نے اپنی جانوں کی عظیم قربانیاں پیش کیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جا سکتیں۔ شہداء کا خون اس جدوجہد کے لیے عزم، استقامت اور حوصلے کا ذریعہ ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کے خانوادوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha